نبی کریم ؐکی ولادت با سعادت سے ظلمت کے بادل چھٹ گئے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ۔ سب ایڈیٹر پاکستان نیوز ٹی وی) نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت با سعادت سے دنیا میں نہ صرف انسانیت کو شعور ملا بلکہ ظلمت کے بادل بھی چھٹ گئے۔ پیارے آقا ؐ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ّہے۔ نبی اکرم ؐ کی محبت کا تقاضہ ہے کہ ہم اپنے اختلافات کو بھلا کر مفاہمتی حکمت عملی کی روشنی میں حل کریں۔ یاد رہے کہ اقوام عالم کی برابری مساوات اور نادار کے احساس کا عملی نمونہ پیش کرنے والے نبی آخرالزماں ؐ کے اخلاق حسنہ ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار معروف عالم دین علامہ صفدر سلطانی نے چوہدری آرٹس سوسائٹی کے فوکل پرسن میاں محمد افضل (ٹیکو نیوز پیپر والے) کی رہائش گاہ ٹوبہ ٹیک سنگھ 301 گ ب کھمناں والا روڈ پر منعقدہ محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سوسائٹی کے صدر ایم افضل چوہدری اور فوکل پرسن میاں محمد افضل (ٹیکو نیوز پیپر والے) نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر دل گرفتہ اور مضطرب ہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ فرانس بطور ریاست پالیسی ایسی ملعون حرکت کا مرتکب ہوا ہے۔ اقوام عالم کو یہ واضح ہونا چاہیے کہ اسلام ایک امن پسند مذہب ہے اور ایسے اقدامات سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس نہ پہنچائی جائے۔ عالمی دنیا پر یہ واضح ہونا چاہیے کہ توہین رسالت کو آزادی اظہار رائے کہنا اور اسلامی بیانیے کو نفرت انگیز قرار دینا کھلی منافقت ہے۔ آزادی رائے کی آڑ میں عالمی امن خراب کرنے کی سازش کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ محفل کے دوسرے سیشن میں معروف ثنا خوان اسلم سعید ی نے مدح سرائی کی اور محفل کے اختتام پر شرکاء کی تواضع لنگر مصطفائی سے کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں