50

پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے کووڈ19کے مریضوں کے علاج کے ریٹس آویزاں کر نے کے احکامات جاری کر دیے

فروری2020کے مطابق چارجزوصول کیے جائیں، کمیشن کی نجی ہسپتالوں کو ہدایت

لاہور(نوید انجم مغل سے)پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے نجی ہسپتالوں کوکووڈ19کے مریضوں کے علاج معالجہ کے ریٹس آویزاں کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں جوکہ فروری2020کے چارجزکے مطابق ہونگے۔ اس سلسلہ میں گزشتہ روز ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق تما م نجی ہسپتالوں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ کووڈ19مریضوں کے روزانہ کے چارجزبشمول بستر،کمرہ،ہائی ڈیپینڈنسی یونٹ،انتہائی نگہداشت یونٹ،وینٹی لیٹراور ایکٹیمرا انجیکشن(جہاں لگایا جارہاہو) ہسپتال میں نمایاں جگہ پر آویزاں کیے جائیں۔ مزید برآں ریٹس کی فہرست ہسپتالوں کی ویب سائٹس پر بھی پوسٹ کی جائے۔ نجی ہسپتالوں کو یہ حکم بھی دیا گیا ہے کہ اس سال فروری کے ریٹس سے زائداخراجات کی وصولی ہر گزنہ کی جائے۔ کمیشن نے ہسپتالو ں کویہ تنبیہ بھی کی ہے کہ ہدایات پر عدم عملدرآمد کی صورت میں سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق کمیشن کی ٹیمیں ہسپتالوں کی انسپیکشنزکر رہی ہیں اور کوئی بھی ہسپتال خلاف ورزی کر تا ہو ا پایا گیا تو سخت ایکشن لیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں