49

مسلم لیگ ن کے اہم رہنما کرونا کے باعث خالق حقیقی سے جا ملے

اسلام آباد (احسان احمد) پاکستان میں کورونا کے شکار مزید 88 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں اس طرح ملک بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی کل تعداد 2551 ہو گئی جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پاکستان میں 6472 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد بڑھ کر 132،000 ہوچکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 88 افراد کورونا وائرس کے باعث خالق حقیقی سے جا ملے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 551 ہو گئی ہے۔جاری اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ روز کے دوران کورونا وائرس کے 6 ہزار 472 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر مصدقہ کیسز کی تعداد 1 لاکھ 32 ہزار 405 ہو چکی ہے۔گزشتہ روز ہونے والی اموات کا جائزہ لیا جائے تو سب سے زیادہ 48 اموات صوبہ پنجاب میں ریکارڈ کی گئی ہیں جس کے بعد صوبے میں وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 938 ہو گئی ہے۔اس کے علاوہ سندھ میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 793 ہے، خیبرپختونخوا میں 642، بلوچستان میں 80، اسلام آباد میں 71، گلگت بلتستان میں 16 جبکہ آزاد کشمیر میں 11 ریکارڈ کی گئی ہے۔ کورونا وائرس کے کیسز کے اعتباز سے بھی پنجاب سب سے آگے ہے۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اکمل مرزا کورونا وائرس سے انتقال کرگئے۔ذرائع کے مطابق اکمل مرزا راولپنڈی میں پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات تھے جنہیں چند روز قبل کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔اکمل مرزا بے نظیر بھٹو اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں چند روز سے انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔شہباز شریف نے اکمل مرزا کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی پارٹی، جمہوریت اور عوام کے لیے خدمات قابل تعریف ہیں، اکمل مرزا جیسے کارکن پارٹی کا اثاثہ ہوتے ہیں، ان کی کمی تادیر محسوس ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں